گورنر کے پی کا عمران خان کی کسی دوسرے صوبے کی جیل منتقلی کا مطالبہ

image

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو اڈیالہ جیل سے کسی دوسرے صوبے کی جیل میں منتقل کیا جائے تاکہ آئے روز اسلام آباد کو بند کرنے جیسے اقدامات سے بچا جاسکے اور عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ادھر خیبر پختونخوا کی بگڑتی معاشی صورتحال پر گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر کھل کر تنقید کی ہے۔ گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ صوبہ شدید مالی بحران کا شکار ہے، ترقیاتی منصوبے رُکے ہوئے ہیں اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہو رہے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت معاشی بدحالی کی ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے سیاسی بیانات پر اکتفا کر رہی ہے، جبکہ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بدانتظامی سے تنگ آچکے ہیں۔

گورنر کے پی نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت فوری طور پر معاشی اصلاحات کرے اور وفاق کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل کیلیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے، بصورت دیگر حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US