سکردو ایئرپورٹ پر پہلی بین الاقوامی فلائٹ 14 اگست کو پہنچے گی

image

پاکستان کے شہر سکردو میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پہلی انٹرنیشنل فلائٹ یوم آزادی کے موقع پر آپریٹ کی جائے گی۔

جمعرات کو ترجمان سول ایوی ایشن سیف اللہ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی ایک پرواز 14 اگست کو متحدہ عرب امارات سے سکردو ایئرپورٹ لینڈ کرے گی۔ اس ضمن میں سکردو ایئرپورٹ پر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پی آئی اے کی ایک پرواز دبئی سے مسافروں کو لے کر سکردو پہنچے گی۔ گلگت بلستان میں رہنے والے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ ان کے علاقے میں انٹرنیشنل فلائٹس آپریٹ کی جائیں۔ سول ایوی ایشن نے وزارت ہوا بازی کی ہدایت پر سکردو ائیرپورٹ پر عالمی معیار سسٹم نصب کیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سکردو پر بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر پی آئی اے دبئی سے سکردو کی براہ راست پرواز چلائے گی۔ یہ سکردو ایئرپورٹ کی پہلی بین الاقوامی پرواز ہو گی۔ 

اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکردو ایئرپورٹ پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور بکنگ کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ تاریخی پرواز پر سفر کرنے کے لیے ہوابازی کے شوقین افراد خصوصی دلچسپی دکھا رہے ہیں۔

عبداللہ خان نے مزید کہا کہ پہلی پرواز پر مسافروں کو دنیا کی بلند ترین چوٹیوں اور دلکش جھیلوں کے نظارے بھی کروائے جائیں گے۔ پرواز دبئی سے سکردو اور وہاں سے اسلام آباد آئے گی، جس میں براہ راست سکردو کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے مسافر بھی سفر کر سکیں گے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US