پاکستان میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے بجلی کی قیمتوں (ٹیرف) میں سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی درخواست کی ہے۔
عرب نیوز پاکستان کے مطابق پاکستان میں بجلی کی ریگولیٹری اتھارٹی نیپرا کے مطابق سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں تقسیم کار کمپنیاں 146 ارب روپے صارفین سے اضافی ریکور کرنا چاہتے ہیں۔نیپرا نے جولائی میں بجلی کی ٹیرف میں چار روپے 96 پیسے اضافہ کیا تھا جو کہ عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے قلیل مدتی قرضہ پروگرام کی منظوری دیتے وقت رکھے گئے شرائط میں سے ایک تھی۔نیپرا صارفین کی ٹیرف میں تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر وقتاً فوقتاً ردوبدل کرتا رہتا ہے۔نیپرا کے اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیپرا وسیم مختار اس وقت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے ٹیرف میں اضافے کی درخواستوں پر غور کر رہے ہیں۔تقسیم کار کمپنیوں نے چوتھے سہ ماہی کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ٹیرف میں اضافے کی درخواستیں جمع کرائی ہیں۔بیان کے مطابق سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمپنیوں نے 146 ارب روپے کی ریکوری کی درخواست کی ہے جس کا اثر 5.4 روپے فی یونٹ تک ہوگا۔پاکستان میں رہائشی، کمرشل اور صنعتی صارفین بجلی کی بڑھتی قیمتوں کی شکایت کر رہے ہیں۔روں مہینے کے شروع میں کراچی میں مقامی صنعت کاروں نے بجلی کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف مظاہرہ کیا تھا۔ صنعت کاروں کا کہنا تھا کہ مہنگی بجلی کی وجہ سے ان کے پیداواری اخراجات میں 30 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔بجلی کی بڑھتی قیمتوں نے دیگر کاروبار کو بھی متاثر کیا ہے اور برآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ ان کی مصنوعات عالمی مارکیٹ میں مسابقت میں پیچھے رہ گئے ہیں۔