اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر آج پھر سماعت ہو گی۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔جمعرات کو کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا تھا کہ ’سپریم کورٹ کا آرڈر ہمیں موصول ہوا ہے۔ سپریم کورٹ نے سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کا کہا ہے۔‘جمعرات کو سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے بھی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف سابق وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر سماعت کی تھی۔سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں مہیا کی گئی سہولیات سے متعلق رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔سابق وزیراعظم نے توشہ خانہ کیس میں سزا دیے جانے کو کالعدم قرار دینے سے متعلق سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔جمعرات کو دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا تھا کہ ’عمران خان کو اٹک جیل میں ملنے والی سہولیات پر بھی سوال اُٹھائیں گے۔‘