وہ نہیں جو لیکچر سے علم حاصل کرتے ہیں، او لیول میں ریکارڈ قائم کرنے والی پاکستانی طالبہ

image

’میں ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جو کلاس میں بیٹھ کر کسی لیکچر سے علم حاصل کرتے ہیں۔‘

یہ کہنا ہے 16 سالہ برٹش پاکستانی طالبہ ماہ نور چیمہ کا جنہوں نے جنرل سرٹیفکیٹ آف سکینڈری ایجوکیشن( جی سی ایس ای) کے امتحان میں 34 مضامین میں ریکارڈ کامیابی حاصل کی۔

ماہ نور نے اولیول امتحان میں 10 مضامین سکول سے اور 24 پرائیوٹ امیدوار کے طور پر دیے اور تمام میں اے سٹار گریڈ حاصل کیے۔

برطانوی اخبار دی سنڈے ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں ماہ نور نے کہا کہ انہیں سکول پسند نہیں اور وہ مطالعے سے سیکھنے کو ترجیح دیتی ہیں۔

ماہ نور کا کہنا تھا کہ جب وہ نو برس کی عمر میں برطانیہ آئیں تو اکیلا پن محسوس کرتی تھیں۔ ان کے مطابق ’ٹیچر مجھے ایک طرف بٹھا کر ریاضی کے سوالات حل کرنے پر لگا دیتے تھے کیونکہ باقی بچے جو پڑھ رہے تھے میں اس سے پہلے ہی واقف تھی۔‘

ماہ نور کے والد عثمان چیمہ ایک بیرسٹر ہیں اور کی والدہ طیبہ اکنامکس میں ایم اے کر رہی ہیں۔ ان کاتعلق لاہور سے ہے اور 2016 میں برطانیہ آئے۔

ان کے والد کا کہنا ہے کہ ماہ نور کے نتائج پر وہ حیران نہیں ہیں۔ ’ایمانداری سے کہوں تو ہمیں اسی کی توقع تھی، اس نے ہمیں کبھی مایوس نہیں کیا۔‘

ان کے مطابق ماہ نور جب صرف دس ماہ کی تھیں تو انہوں نے لمبے جملے بولنا شروع کر دیے تھے۔ جب وہ صرف چھ برس کی تھیں تو دیگر کھیلتے تھے اور وہ ہیری پوٹر پڑھتی تھیں۔

ماہ نور آکسفورڈ یونیورسٹی سے طب میں تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں اور ان کا آئی کیو سکور 161 ہے۔

ان کے پسندیدہ مضامین سائنس اور انگلش لٹریچر ہیں، اور وہ انگریزی، اردو، پنجابی روانی سے بول سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں اچھی فرانسیسی اور جرمن بھی آتی ہے۔

ماہ نور جب سکول نہیں جاتیں تو روزانہ پانچ گھنٹے مطالعہ کرتی ہیں، وائلن بجاتی ہیں، تیراکی کرتی ہیں، گھڑ سواری کرتی ہیں اور شطرنج کھیلتی ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US