بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی مسلسل شکستوں کے بعد کپتان بابر اعظم کو قیادت سے ہٹانے کے حوالے سے جاری مطالبات کے بعد چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے ورلڈ کپ کے بعد تبدیلیوں کی نوید سنادی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بابر اعظم نمبر ون بیٹر اور ہمارا اسٹار کرکٹر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹورنامنٹ جاری ہے تو جو سابق کرکٹرز چینلز پر دکانیں سجائے بیٹھے ہیں وہ کھلاڑیوں کا مورال ڈاؤن کررہے ہیں، ہم ورلڈ کپ مکمل ہونے کے بعد نتائج پر ماہرین کرکٹ سے تجاویز لیں گے اور جو بھی پاکستان کرکٹ کے لیے بہتر ہو گا وہی فیصلہ کریں گے۔
ذکاء اشرف نے کہا کہ 10 سال قبل جب وہ پی سی بی چیئرمین تھے تو ہر پوزیشن پر کھلاڑیوں کے بیک اپ تیار ہوتے تھے ایک کھلاڑی پرفارم نہیں کرتا تھا تو اس کی جگہ دوسرے کو لاتے تھے لیکن میرے بعد آنے والوں نے اس پر کوئی کام نہیں کیا۔
ذکا اشرف نے کہا کہ اب تک جو کچھ ہو رہا ہے وہ سابقہ چیئرمین پی سی بی کی پلاننگ کے تحت ہو رہا ہے ورلڈ کپ کے بعد ہمارے منصوبے ہوں گے جس پر عملدرآمد کریں گے اور پھر ہم نتائج کے ذمے دار ہوں گے، کپتان کی تبدیلی کے حوالے سے بھی ایونٹ کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا فی الحال کپتان کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔