اسٹیج پر چٹکلے چھوڑنے والے فنکاروں کو دیکھ کر کوئی نہیں کہہ سکتا کہ ان کی زندگی کس قدر دکھوں سے بھرپور ہوگی۔ بظاہر یہ سارا دن ہنستے ہنساتے ہیں لیکن ان کی ہنسی کے پیچھے ہی زندگی کے وہ درد ہوتے ہیں جن کو سمجھ کر یہ دوسروں کے ہونٹوں پر مسکراہٹ بکھیرتے ہیں۔ ایسے ہی ایک فنکار سلیم البیلا ہیں۔
سلیم البیلا نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور اپنی نجی زندگی کے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ جو کہ ان کی کزن بھی تھیں پہلے بچے کو جنم دیتے ہی دنیا سے چلی گئیں۔ اس طرح ان کا بیٹا دنیا میں آتے ہی ماں کے سائے سے محروم ہوگیا۔ جس وقت انھیں بیوی کے انتقال کی خبر ملی وہ کام میں مصروف تھے۔ ان کے پاس اپنی گاڑی نہیں تھی نہ ہی اتنے پیسے کہ وہ ٹیکسی یا رکشہ کرتے اس لئے بیٹے اور مردہ بیوی کو دیکھنے انھیں بس پر جانا پڑا۔
سلیم البیلا کی زندگی کا یہ کڑوا سچ سن کر پروگرام کی میزبان ارزا خان رو پڑیں۔ سلیم البیلا کا کہنا تھا کہ ان کے ماموں ممانی کا انتقال ہوگیا تھا اس لئے ان کی ماں اپنی بھتیجی کو ہی بہو بنا کر اپنے پاس رکھنا چاہتی تھیں۔ اس لئے ان کی شادی کم عمری میں ہوگئی لیکن بیوی کا انتقال بھی جلدی ہوگیا۔ یہ سانحہ ان کی یادوں میں آج بھی تازہ ہے۔