خیبر پختونخوا کے شمالی اضلاع میں 32 منی مائیکرو ہائیڈل منصوبے سیلاب سے متاثر

image

خیبر پختونخوا کے شمالی اضلاع میں مکمل شدہ 32 منی مائیکرو ہائیڈل منصوبے حالیہ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے زیادہ تر منصوبے ضلع بٹگرام میں نقصان کا شکار ہوئے۔

ابتدائی تخمینوں کے مطابق ان منصوبوں کی بحالی اور حفاظتی اقدامات پر تقریباً 20 کروڑ 15 لاکھ روپے درکار ہوں گے۔ محکمہ توانائی کے اعداد و شمار کے مطابق ضلع بٹگرام میں 17 منصوبے متاثر ہوئے جن میں 16 معمولی اور ایک جزوی طور پر متاثر ہوا۔ ان منصوبوں کی کل پیداواری صلاحیت 2 ہزار 50 کلو واٹ ہے اور ان کی بحالی پر 7 کروڑ 35 لاکھ روپے درکار ہوں گے۔

اسی طرح شانگلہ میں 3، مانسہرہ میں 6، تور غر میں 2 اور بونیر میں 4 منصوبے نقصان کا شکار ہوئے۔ بونیر میں ایک منصوبہ مکمل طور پر سیلاب میں بہہ گیا۔ مانسہرہ میں 1700 کلو واٹ استعداد کے منصوبوں کو 5 کروڑ 80 لاکھ روپے جبکہ تور غر کے منصوبوں کو 30 لاکھ اور بونیر کے منصوبوں کی بحالی پر 4 کروڑ 75 لاکھ روپے درکار ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق سوات کے منصوبوں کا تفصیلی ڈیٹا تاحال موصول نہیں ہوا۔ مجموعی طور پر 32 منصوبوں کی پیداواری صلاحیت 4 ہزار 850 کلو واٹ ہے جن میں سے 20 منصوبے 200 کلو واٹ سے کم اور 12 منصوبے 200 کلو واٹ یا اس سے زائد استعداد کے ہیں۔

یہ ابتدائی تخمینہ رپورٹ ہے جو عارضی جائزے کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے، حتمی لاگت مزید تفصیلی سروے کے بعد سامنے آئے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US