کوئٹہ۔ 12 جنوری (اے پی پی):بلوچستان ہائیکورٹ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے کاغذات نامزدگی منظور ہونےکیخلاف الیکشن ٹربیونل کے فیصلوں کے خلاف دائر آئینی درخواستوں کی سماعت ہو ئی۔ درخواستوں کی سماعت ہائیکورٹ کے جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس اعجاز سواتی پر مشتمل بنچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے سردار اختر جان مینگل کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف دائر اپیل کو خارج کردیا۔
دو رکنی بنچ نے پیپلز پارٹی کے حلقہ این اے 264 سے امیدوار جمال خان رئیسانی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیتے ہوئے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔ بلوچستان عوامی پارٹی کی این اے 263 سے امیدوار روبینہ عرفان کی الیکشن ٹربیونل کے خلاف دائر درخواست کو بھی خارج کردیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست پر بلوچستان ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔