اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمداورنگزیب نے کہاہے کہ نئی منتخب حکومت معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار اور ملک میں کلی معیشت کومستحکم کرنے میں پرعزم ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان میں امریکا کے سفیرڈونلڈبلوم اورچین کے سفیرجیانگ زیڈونگ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ امریکہ کے سفیر مسٹر ڈونلڈ بلوم نے وزیر خزانہ محصولات محمد اورنگزیب سے خیرسگالی ملاقات کی،ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعاون و باہمی استفادہ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی سفیرنے وزیر خزانہ و محصولات کے طور پر تقرری پر محمداورنگزیب کو مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اعتماد کا اظہار کیا۔وزیر خزانہ نے ر ڈونلڈ بلوم کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان امریکہ دوطرفہ تعلقات اور سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کی سطح پر ان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ نئی منتخب حکومت معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور ملک میں کلی معیشت کومستحکم کرنے میں پرعزم ہے۔انہوں نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے جاری پروگرام کو مکمل کرنے، توسیعی فنڈ سہولت اور اسٹینڈ بائی معاہدہ 2023 کے تحت شروع کیے گئے معاشی اصلاحات کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا، جس میں مالیاتی اور قرض کی پائیداری، سماجی تحفظ اورزرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اصلاحات کے ترجیحی شعبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیرخزانہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات لانے کی حکومت کی اولین ترجیح کا خاکہ پیش کیا اوربتایا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے ریونیو میں اضافہ کیا جائیگا، ریاستی ملکیتی انٹرپرائز میں صلاحات ، سماجی تحفظ کے اقدامات کو مضبوط بنانا، عوامی مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنانا، توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا نفاذ، غیربجٹیسبسڈیز کا خاتمہ اور نجی شعبے کی زیر قیادت اقتصادی ترقی کو فروغ دیناحکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ امریکہ پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالہ سے بھی امریکا اہم ملک ہے، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کوبھی سراہا۔امریکی سفیرنے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے مثبت قدم پر وزیرخزانہ کومبارکباد پیش کی اورکہاکہ ان اقدامات کے نتیجے میں معیشت میں واضح طور پر مثبت آثار نظر آئے ہیں اور امید ہے کہ ان اقدامات کے تسلسل سے معیشت کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ ملاقات میں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیرخزانہ نے پاکستان میں چین کے سفیرسے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں میں پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون اور دو طرفہ تعلقات سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چین کے سفیر نے محمد اورنگزیب کو وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات کے طور پر تقرری پر انہیں مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔وزیر خزانہ نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے لیے بے مثال تعاون خاص طور پر سیف ڈپازٹس کے رول اوور اور تجارتی قرضوں کی ری فنانسنگ پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا جس نے پاکستان کے معاشی استحکام میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے پاکستان کی ترقی کی حکمت عملی اور مجموعی اقتصادی بحالی میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بنیادی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات میں فریقین نے صنعتی زونز، زراعت، معدنیات اور کان کنی کے علاوہ قابل تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں اپنے تعاون کوفروغ دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنمائوں نے سی پیک کے پہلے مرحلہ میں حاصل ہونے والے فوائد پر توجہ مرکوز کرنے سے بھی اتفاق کیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا اور بڑھانے کے لیے قریبی تعاون کی خواہش کا اعادہ کیا۔