اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان کے شہر ہرنائی کے قریب کوئلے کی کان میں گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔ انہوں نے اِس المناک واقعے کو کوئلے کی کان کنی کی صنعت میں بہتر حفاظتی اقدامات کی فوری ضرورت کی یاد دہانی قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ مزدوروں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو ہمیشہ مقدم رکھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام واقعے کی مکمل تحقیقات کریں اور کوئلے کی تمام کانوں میں سخت حفاظتی پروٹوکول کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ پیپلز پارٹی کی زیر قیادت بلوچستان حکومت کو مستقبل میں اس طرح کے حادثات کی روک تھام کے لئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تمام شعبوں میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لئے پرعزم ہے۔