اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاعی پیداوار خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت دفاعی پیداوار کی صنعت کی ترقی کے لیے زیادہ سے زیادہ تعاون فراہم کرنے کی خواہاں ہے۔ وہ جمعہ کو وزارت دفاعی پیداوار کے دورہ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر کی آمد پر سیکرٹری دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد چراغ حیدر نے استقبال کیا اور وزارت کے اہم عہدیداروں سے ان کا تعارف کرایا گیا۔
وفاقی وزیر کو وزارت کے انتظامی محکموں اور تنظیمی ڈھانچے کے بارے میں تعارفی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں وزارت دفاعی پیداوار کے سینئر افسران نے شرکت کی۔وزیر دفاعی پیداوار نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو جدید بنانے میں دفاعی صنعتی شعبے کی کارکردگی اور اس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے سماجی شعبے میں دفاعی صنعت کے تعاون کو بھی سراہا۔ بعد ازاں وزیر نے زرمبادلہ کمانے میں دفاعی صنعت کے کردار کو سراہا۔