اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کی نجکاری کمیٹی تشکیل دیدی ۔ کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم نے اداروں کی نجکاری کے معاملات نمٹانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کا نام “کابینہ کمیٹی برائے نجکاری” (سی سی او پی) ہوگا۔
کمیٹی کی ذمہ داریوں میں نجکاری کمیشن کی سفارش پر یا کسی اور طریقے سے سرکاری ملکیت والی کمپنیوں کی نجکاری کی منظوری دینا، نجکاری کے عمل سے متعلق بین الوزارتی امور پر پالیسی فیصلے کرنا ، نجکاری کی پیشرفت کا جائزہ لینا اور اس کی نگرانی کرنا، نجکاری کمیشن کو نجکاری کے عمل یا اس سے متعلق کسی بھی دوسرے معاملے سے متعلق رپورٹیں/معلومات/ ڈیٹا جمع کروانے کی ہدایت دینا ، از سر نو ڈھانچہ، ریگولیٹری اداروں اور نجکاری فنڈ اکاؤنٹ سے متعلق امور پر پالیسی فیصلے کرنا ،نجکاری کی جاری سرکاری ملکیت والی کمپنیوں کے لیے ریفرنس پرائس کی منظوری دینا ، کامیاب بولی لگانے والوں کی منظوری دینا ، نجکاری کمیشن کی سفارشات پر غور کرنا اور ان کی منظوری دینا ، نجکاری کمیشن سے متعلق کسی بھی دوسرے کام کو تفویض کرنا شامل ہے ۔کمیٹی کے چیئرمین وفاقی وزیر خزانہ ہونگے ۔ ممبران میں وزیر خارجہ ، وزیر تجارت، وزیر توانائی ، وزیر صنعت و پیداوار ، وزیر نجکاری جبکہ کمیٹی کی خصوصی دعوت پر شریک اراکان میں گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان ، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ، وفاقی سیکرٹری توانائی ، تجارت ، مواصلات ، خزانہ ، صنعت و پیداوار ، قانون و انصاف ، پیٹرولیم ، منصوبہ بندی ،نجکاری ڈویژن اجلاس میں شریک ہوسکیں گے ۔