اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے سرکار کی ملکیتی انٹرپرائزز کے لئے کابینہ کمیٹی تشکیل دیدی ہے ، یہ کمیٹی کمپنیوں کے انتظام و انصراف کے معاملات کو نمٹائے گی ۔
جمعہ کو کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم نے سرکاری ملکیت والی کمپنیوں کے انتظام و انصراف کے معاملات سے نمٹنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کا نام “کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیت والی انٹرپرائزز (سی سی او ایس او ایز)” ہے۔کمیٹی کی ذمہ داریوں میں سرکاری ملکیت والی کمپنیوں (ایس او ایز) ایکٹ، 2023 اور اس سے متعلقہ دیگر قوانین اور پالیسیوں کے نفاذ اور عمل درآمد کی نگرانی کرنا ، ایس او ایز کے بورڈز میں تقرریوں سے متعلق معاملات، ایس او ایز سے متعلق اصلاحات اور تجاویز دینا، ایس او ایز کی مالی اور کارکردگی کا جائزہ لینا ، ایس او ایز کے لیے پالیسیوں، ہدایات اور گائیڈ لائنز کی تجویز اور کابینہ کو سفارش کرنا ،سرکاری ملکیت والی کمپنیوں کو کوئی بھی عوامی خدمت کا فرض ادا کرنے کے لیے ہدایت جاری کرنے کی تجاویز دینا اور ایس او ایز ایکٹ، 2023 اور اس سے متعلقہ دیگر قوانین اور پالیسیوں میں شامل کسی بھی دوسرے متعلقہ معاملے کا جائزہ لینا شامل ہے ۔ کمیٹی کے چیئرمین وفاقی وزیر خزانہ ہونگے جبکہ ممبران میں وزیر بحری امور ،وزیر اقتصادی امور ، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ، وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس جبکہ خصوصی دعوت پر نائب چیئرمین، منصوبہ بندی کمیشن بھی ممبر ہونگے