واشنگٹن ڈی سی۔23مارچ (اے پی پی):پاکستان کے قومی دن کی 84 ویں سالگرہ واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے میں قومی جوش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ ایک سادہ اور باوقار تقریب میں سفیرپاکستان مسعود خان نے پرچم کشائی کی۔ اس دوران قومی ترانے کی دھن بھی بجائی گئی۔اس موقع پر حاضریں کو صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
صدر پاکستان کا پیغام پڑھتے ہوئے ڈپٹی چیف آف مشن نوید صفدر بخاری نے صدر مملکت کی طرف سے دلی مبارکباد اور نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے قوم پر زور دیا کہ وہ باہمی ہمدردی ،محنت، صداقت اور دیانت کی اقدار کو اپناتے ہوئے قوم کی تعمیر کے عمل میں حصہ لیں۔سفیر پاکستان مسعود خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کا پیغام پڑھتے ہوئے قوم کو تہہ دل سے یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے، پاکستان کو استحکام، ترقی اور امن کا مسکن بنانے کے لیے ہمارے بانیوں کے نقش قدم پر چلنے کے پختہ عزم کی تجدید کی اہمیت پر زور دیا۔قبل ازیں سفارت خانہ پاکستان نے یوم پاکستان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک عظیم الشان تقریب کا اہتمام کیا جس میں سفارتی اور دفاعی کور کے ارکان، پاکستانی کمیونٹی کے نامور افراد اور میڈیا کے نمائندوں سمیت معززین کے ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔