اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):پاکستان اور چین کی کمپنیوں کے درمیان مفاہمت کی 16 یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ، ایڈیشنل سیکرٹری نے پاکستان چین بز نس کانفرنس کے حوالے سے بریفنگ دی ۔منگل کو پلاننگ کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ چینی کمپنیوں نے بزنس کانفرنس میں بے حد دلچسپی کا اظہار کیا ہے،یہ ایک غیر معمولی ایونٹ ہے،چین کی 700 معروف کاروباری شخصیات نے فورم میں شرکت کے لیے خود کو رجسٹر کیا ہے۔
خلیل ہاشمی نے کہا کہ افتتاحی اجلاس سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کلیدی خطاب کریں گے، افتتاحی اجلاس کے بعد بزنس ٹو بزنس میٹنگز شیڈول ہیں۔ خلیل ہاشمی نے کہا کہ وزیراعظم کی افتتاحی اجلاس سے قبل پاکستانی کاروباری شخصیات سے ملاقات ہوگی ۔سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ افتتاحی اجلاس میں شمسی توانائی میں امکانات، گوادر بندرگاہ اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول کے موضوعات پر بریفنگ دی جائے گی ،پاکستان اور چین کی کمپنیوں کے درمیان 16 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔