بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

image

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کر دی گئی جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ اس سے قبل اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار پر دستخط کیے تھے۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر اضافی سیکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے، جیل انتظامیہ نے روبکار موصول ہونے پر قانونی کارروائی مکمل کر کے بشریٰ بی بی کو رہا کر دیا۔

تحریک انصاف کے وکلاء نے آج صبح میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری ہو گئی، انہیں لینے اڈیالہ جیل جا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما مشال یوسف زئی نے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کو آج رہا کرائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے معاملے میں روبکار جاری نہیں ہو سکی تھی۔

سینئر اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدم دستیابی اور اسپیشل جج سینٹرل نمبر ٹو ہمایوں دلاور کی رخصت کے باعث روبکار جاری نہیں ہو سکی تھی۔

بشریٰ بی بی مجموعی طور پر 9 ماہ جیل میں قید رہیں۔ انہیں رواں سال 31 جنوری کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا ہوئی تھی۔

سزا کا فیصلہ آنے کے بعد بشریٰ بی بی نے خود جیل میں آ کر گرفتاری دی تھی، اس سے قبل بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل کے بجائے بنی گالہ منتقل کیا گیا تھا۔

کمشنر اسلام آباد نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کر دی تھی جس کے بعد انہیں توشہ خانہ ٹو کیس میں دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow