پاکستان میں پراپرٹی رکھنے والوں کے لیے بڑی خبر! فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 45 شہروں میں غیر منقولہ جائیدادوں کی قیمتوں میں زبردست 80 فیصد تک کا اضافہ کر دیا ہے۔
ایف بی آر نے ان شہروں کی فہرست جاری کی ہے جہاں جائیدادوں کی قیمتوں پر نظرثانی کی گئی ہے، جس میں مقام کی بنیاد پر فی مرلہ ریٹس بتائے گئے ہیں اور یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کون سی جائیدادیں رہائشی ہیں اور کون سی تجارتی نوعیت کی۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ایف بی آر نے پراپرٹی ویلیوز کو اپڈیٹ کیا ہو، اس سے پہلے بھی 2018، 2019، 2021 اور 2022 میں ریٹس پر نظرثانی کی جا چکی ہے۔ دو سال کے وقفے کے بعد اب دوبارہ قیمتیں حقیقی مارکیٹ ویلیوز کے مطابق بڑھا دی گئی ہیں۔
قانون و انصاف ڈویژن کی منظوری کے بعد، ایف بی آر نے پراپرٹی کی تازہ قیمتیں جاری کر دی ہیں۔ یہ نظرثانی 45 شہروں میں کی گئی ہے، جس میں ایبٹ آباد، بہاولنگر، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، مردان، پشاور، سکھر، حیدرآباد اور کئی دیگر علاقے شامل ہیں۔
دوسری جانب، 11 شہروں میں جائیداد کی قیمتیں ویسے ہی رکھی گئی ہیں۔ ان شہروں میں اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، گوادر، اور ملتان جیسے بڑے شہر شامل ہیں۔
مزید تفصیلات کے لیے، ایف بی آر نے اپنی ویب سائٹ پر نئے نوٹیفیکیشنز اپلوڈ کر دیے ہیں، جہاں پراپرٹی مالکان مکمل وضاحت دیکھ سکتے ہیں۔