ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم ، سیکیورٹی ہائی الرٹ

image

حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کے چہلم کی مناسبت سے آج ملک بھر میں جلوس، مجالس اور عزاداری کی تقاریب روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہیں۔ کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، کوئٹہ سمیت تمام بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے راستوں پر سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند، بم ڈسپوزل یونٹ کی سرچنگ مکمل، اور 11 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ایم اے جناح روڈ گرومندر سے ٹاور تک ٹریفک کے لیے بند اور متبادل روٹس جاری کیے گئے ہیں۔

لاہور میں مرکزی جلوس حویلی الف شاہ دہلی دروازہ سے برآمد ہوکر کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ پنجاب بھر میں 30 ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہیں جبکہ لاہور میں 5 ہزار سے زائد اہلکار، 40 مجالس اور 12 جلوسوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔

پشاور میں آج دو ذوالجناح کے جلوس، راولپنڈی میں 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار، اسلام آباد میں امام بارگاہ اثنا عشری اور کوئٹہ میں علمدار روڈ پر مرکزی جلوس کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ملک بھر میں جلوسوں کے راستوں پر سبیلیں قائم ہیں اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے نوحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US