سرمایہ کاری کی بات چیت، پاکستانی وفد سعودی عرب گیا ہے: وزیراعظم

image

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت کا وفد سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گیا ہے۔

منگل کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب جانے والا وفد وہاں آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبے میں پیش رفت پر گفتگو کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’میرے دورے کے تناظر میں ہمارا وفد سعدی عرب گیا ہے۔‘

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی وفد کے سعودی دورے میں ہنرمند افرادی قوت اور کان کنی کے شعبوں سے متعلق امور زیرِغور آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’توانائی کے حوالے سے اچھی خبر ہے جو جلد دیں گے، سردیوں میں ایک پیکج لا رہے ہیں۔‘

پاکستان کے وزیراعظم نے اپنے دورے کے حوالے سے بتایا کہ سعودی ولی عہد نے ملاقات میں پاکستان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ معاشی اشاریے مثبت سمت میں ہیں۔ ’سٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ 15 فیصد پر آنا خوش آئند پیش رفت ہے۔ اس سے پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔‘

انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے حصول کا سفر لمبا ہے لیکن محنت کریں گے تو کامیابی ضرور حاصل ہوگی۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ ہفتے سعودی عرب کا دو روزہ دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس میں خطاب کیا۔ اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اُن کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔

پاکستانی وزیراعظم سعودی عرب کے بعد ایک روزہ دورے پر قطر بھی گئے تھے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow