پنجاب میں اسموگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر حکومت نے اہم اقدامات اٹھاتے ہوئے ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دے دیا ہے اور سرکاری و نجی دفاتر کے 50 فیصد عملے کو آن لائن کام کی ہدایت کی گئی ہے۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق بھارت سے آنے والی ہواؤں کی وجہ سے لاہور، ملتان، قصور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ جیسے علاقے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ اس مسئلے پر آج بھارتی پنجاب کو فارن آفس کے ذریعے ایک خط بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سرحدی علاقوں میں مشترکہ حکمت عملی بنائی جا سکے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ تعلیمی ادارے بھی عارضی طور پر بند رہیں گے اور فصلوں کو جلانے کے قانون میں تبدیلی کی جائے گی تاکہ خلاف ورزیوں کو روکنے کے ساتھ ان پر مکمل عملدرآمد ہو سکے۔
مزید برآں، انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ اسموگ کی وجہ سے صحت کو خطرہ لاحق ہے، گزشتہ روز 900 سے زائد مریض متاثر ہو کر اسپتالوں میں داخل ہوئے۔ اس صورتحال میں ماسک کا استعمال ناگزیر ہے۔
دفاتر میں نصف حاضری کی پالیسی نافذ کی جائے گی اور کچھ عملے کو گھروں سے کام کرنے کی اجازت ہوگی تاکہ اسموگ کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔