بچے بہت چھوٹے تھے جب طلاق ہوئی۔۔ 18 سال بعد بیٹے نے ماں کی شادی کیسے کروائی؟ دلچسپ حقائق

image

"میرے بچے بہت چھوٹے تھے جب مجھے طلاق ہوئی، بچوں کے لیے میں نے سوچا کہ میں نے شادی نہیں کرنی۔ ہمارے معاشرے میں یہی ہے کہ بچوں کو کوئی نہیں اپناتا، اسی لیے میں یہ فیصلہ کرنے سے ڈرتی تھی۔ میری پہلی بات بھی ان سے یہی ہوئی کہ اگر آپ میرے بچوں کو اپنائیں گے تب ہی میں نکاح کروں گی۔" مدیحہ کاظمی نے ایک انٹرویو میں اپنی کہانی سناتے ہوئے یہ اہم بات کہی۔

عبدالاحد اور ان کی والدہ مدیحہ کاظمی کی زندگی کا یہ انوکھا لمحہ سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا۔ مدیحہ کے نکاح کی ویڈیو اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد ماں بیٹے نے ان لمحات کی کہانی شیئر کی۔

احد نے بتایا، "ہم 18 سال سے اماں سے شادی کے لیے کہتے تھے، لیکن وہ ہمیشہ انکار کر دیتی تھیں۔ پھر ایک دن انہوں نے بتایا کہ طوبیٰ (ہماری بہن) نے ایک رشتہ بتایا ہے۔ میں نے پہلے زیادہ توجہ نہیں دی، کیونکہ اماں کبھی مانتی ہی نہیں تھیں۔ لیکن جب انہوں نے سنجیدگی سے بات کی اور کہا کہ ایک بار میں بھی بات کر لوں، تب احساس ہوا کہ یہ واقعی ہونے والا ہے۔"

احد نے مزید کہا، "نکاح کے وقت مولوی صاحب بھی بہت خوش تھے۔ وہ کہہ رہے تھے کہ یہ بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے کہ ایک بیٹا اپنی ماں کے نکاح میں گواہ بنے۔ یہ لمحہ ہمارے لیے بہت خاص تھا۔"

مدیحہ نے بتایا کہ بچوں کی ذمہ داریوں کی وجہ سے انہوں نے ہمیشہ خود کو قربان کیا، لیکن اس بار انہوں نے اپنی زندگی کو ایک اور موقع دیا۔ ان کا کہنا تھا، "میں تمام سنگل والدین کو مشورہ دوں گی کہ اپنی زندگی کو دوبارہ خوشیوں سے بھرنے کا فیصلہ کریں۔"


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow