فرحان قتل کیس کے مرکزی ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

image

سوات مدرسے میں مبینہ تشدد سے جاں بحق فرحان ایاز قتل کیس کے مرکزی ملزمان کو مزید جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا گیا۔

چالیار مدرسہ میں مبینہ تشدد سے جاں بحق فرحان ایاز قتل کیس میں مرکزی ملزمان قاری عمر اور ان کے بیٹے احسان اللہ کو عدالت میں پیش کیا گیا، دونوں ملزمان تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں تھے۔

مقامی عدالت نے پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات جاری کردیئے۔

پولیس کے مطابق کیس میں نامزد تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ پہلے سے گرفتار 9 ملزمان پہلے ہی جیل میں بند ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کا عمل جاری ہے اور مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

خیال رہے کہ 21 جولائی کو خوازہ خیلہ اسپتال میں 12 سالہ فرحان کی تشدد زدہ لاش لائی گئی تھی، جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا، پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا اور ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow