"الٹرا بے روزگار پرو میکس!"
"بھارت میں بے روزگاری اپنے عروج پر!"
"چلو، آج اس کا بھی جواب مل گیا!"
یہ وہ دلچسپ تبصرے ہیں جو سوشل میڈیا صارفین نے ایک عجیب و غریب تجربے پر دیے، جہاں ایک شخص نے محض اپنے سر کے بال گننے کے لیے خود کو گنجا کر ڈالا! جی ہاں، یہ کوئی مذاق نہیں بلکہ حقیقت ہے، اور یہی وجہ ہے کہ اس کی ویڈیو نے انسٹاگرام پر 15 ملین سے زیادہ ویوز حاصل کر لیے ہیں۔
بال گننے کے لیے گنجا ہونا؟ واہ بھئی واہ!
یہ منفرد کارنامہ ایک انسٹاگرام صارف 'کنٹری مین' نے انجام دیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس شخص نے سب سے پہلے اپنے تمام بال صاف کر دیے، پھر جیسے ہی بال دوبارہ اگنے لگے، وہ ایک ایک کر کے ہر بال کو گننے لگا۔
یہ عمل ایک دن یا دو دن میں مکمل نہیں ہوا بلکہ کئی دنوں تک 10 سے 12 گھنٹے مسلسل گنتی کرنے میں صرف ہوئے! ہر 1000 بالوں کی گنتی پر وہ ایک پتھر ٹوکری میں ڈال دیتا تاکہ حساب بگڑنے نہ پائے۔ آخر کار، وہ اس نتیجے پر پہنچا کہ اس کے سر پر 91,300 بال تھے!
اپنے اس انوکھے تجربے کے بعد، کنٹری مین نے گنیز ورلڈ ریکارڈز اور لمکا بک آف ریکارڈز میں نام درج کروانے کی کوشش کی۔ لمکا بک نے تو سیدھا انکار کر دیا، جبکہ گنیز والوں نے 1200 ڈالر مانگ لیے، جس پر اس نے خود ہی ہاتھ کھینچ لیا اور اپنا خواب ترک کر دیا۔
"بے روزگاری کی انتہا" یا "صبر کی انتہا"؟
ویڈیو کے تبصرے سیکشن میں صارفین نے خوب مزاحیہ تبصرے کیے۔ کچھ نے اس کے صبر کو سراہا تو کچھ نے اسے بے روزگاری کی علامت قرار دے دیا۔ ایک صارف نے لکھا، "ہم کیسے یقین کر سکتے ہیں کہ تمہاری گنتی درست تھی؟"، جبکہ دوسرے نے طنزیہ کہا، "کاش یہ وقت کسی کام کی چیز میں لگایا ہوتا!"