طلاق کے بعد 40 کلو دودھ سے نہایا۔۔ اس شخص نے یہ عجیب و غریب حرکت کیوں کی؟ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

image

بھارتی ریاست آسام میں ایک غیرمعمولی منظر نے سوشل میڈیا پر خوب توجہ حاصل کرلی، جب نلباڑی کے ایک دیہی علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے طلاق کے بعد اپنی خوشی کا اظہار کچھ یوں کیا کہ 40 لیٹر دودھ سے نہا کر زندگی کے ایک کٹھن باب کو الوداع کہا۔

32 سالہ مانک علی نامی شہری نے عدالت سے بیوی سے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کی۔ مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مانک نے بتایا کہ اس کی شریک حیات دو بار کسی اور کے ساتھ فرار ہو چکی تھی، لیکن وہ ہر بار صرف اپنے بچے کے لیے اُسے واپس گھر لے آیا۔ اس کے بقول، جب ایک جیسی غلطی بار بار دہرائی جائے تو انسان کے پاس دل کے زخم سہنے کی بجائے سکون کو گلے لگانے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہتا۔

مانک نے بتایا کہ شادی کے برسوں میں اسے مسلسل بے اعتمادی، نفسیاتی دباؤ اور دھوکے کا سامنا رہا، اور یہ سب کچھ سہنے کے بعد طلاق کو اس نے نئے سفر کا نقطۂ آغاز تصور کیا۔ اسی سوچ کے تحت اس نے گاؤں والوں کی موجودگی میں دودھ سے نہا کر ایک طرح سے اپنی پرانی زندگی کو ختم کر کے نئی شروعات کا پیغام دیا۔

واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ اس کے گرد جمع ہیں اور وہ خاموشی سے اپنے اوپر دودھ بہا رہا ہے۔ اس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طلاق کے بعد وہ خود کو ہلکا پھلکا محسوس کر رہا ہے، جیسے کسی بوجھ سے نجات ملی ہو۔

یہ غیرروایتی طرزِ عمل سوشل میڈیا پر بھی زیرِ بحث آ گیا ہے۔ کچھ صارفین نے اسے علامتی آزادی کی خوبصورت مثال قرار دیا، جبکہ کئی نے اس عمل کو حد سے زیادہ نمائشی اور غیرضروری ڈرامہ کہا۔

تاہم اس سب کے بیچ ایک سوال ابھرتا ہے کہ معاشرتی بندھن جب بار بار دھوکہ دیں تو لوگ جذباتی طور پر اس کا بوجھ کس طرح اتارتے ہیں؟ مانک علی کا یہ طرزِ اظہار شائد اسی اندرونی کیفیت کا عکس ہو۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts