پاکستان نیوی وار کالج میں منعقدہ آٹھویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ اپنی اختتامی تقریب کے ساتھ مکمل ہوگئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کہا کہ اکیسویں صدی میں سمندر کی اہمیت بڑھ گئی ہے اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے پاکستان کی بلیو اکانومی کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے اور سمندری سرحدوں کے تحفظ میں پاکستان نیوی کے کردار کو سراہا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے ملکی میری ٹائم سیکٹر کی استعداد بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا، خاص طور پر شپنگ اور فشنگ سیکٹر میں ترقی کے ذریعے معاشی اور سماجی ترقی کو فروغ دینے کے حوالے سے زرو دیا۔
مہمانِ خصوصی کی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے استقبال کیا جبکہ کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل سہیل احمد اعظمی نے ورکشاپ کی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا۔
میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ پاکستان نیوی کا سالانہ پروگرام ہے، جس کا مقصد بحرِ ہند کے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور جیو پولیٹیکل امور پر بہتر فہم پیدا کرنا ہے۔ ورکشاپ میں پارلیمنٹیرینز، پالیسی ساز، بیوروکریٹس، ماہرین تعلیم، کاروباری شخصیات، مسلح افواج کے افسران اور میڈیا نمائندگان نے بھی شرکت کی۔