پنجاب بھر میں موسلادھار بارشوں نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہےجبکہ لاہور میں چھت گرنے کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب اسلام آباد میں برساتی ریلے میں گاڑی بہہ جانے سے باپ بیٹی لاپتہ ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔
پنجاب کے بڑے شہروں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، ملتان اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔لاہور میں بدھ کی صبح شروع ہونے والی بارش نے مال روڈ، جیل روڈ، چوبرجی، تاجپورہ، اقبال ٹاؤن، فیصل ٹاؤن سمیت کئی علاقے زیرِ آب کر دیے جبکہ متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی۔
لکھو ڈیر رنگ روڈ پر گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو 1122 کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے لائیو لوکیٹر کی مدد سے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی ایمرجنسی ٹیمز کو متحرک رکھنے اور فوری ردعمل یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔واسا،میونسپل ادارے، پرائیویٹ سوسائٹیز کو بھی سیوریج نظام بہتر بنانے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نشیبی علاقے میں سیلابی ریلے نے گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔گاڑی میں موجود باپ اور بیٹی تاحال لاپتہ ہیں جنھیں تلاش کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو 1122، غوطہ خوروں، کشتیوں اور جدید آلات کی مدد سے سرچ آپریشن کیا گیا تاہم اب تک گاڑی یا لاشوں کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
علاوہ ازیں پی ڈی ایم اے، ریسکیو اور ٹریفک پولیس نے بھی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں اوربجلی کے کھمبوں،کمزور عمارتوں کے قریب نہ جائیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی یہ لہر 25 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے باعث آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کا خدشہ ہے