سنگاپور کے علاقے کٹانگ میں ایک حیران کن واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک رواں سڑک یکایک نیچے کو دھنس گئی، اور وہاں سے گزرنے والی ایک کار اس میں جاپہنچی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں تعمیراتی سرگرمیاں جاری تھیں۔ جیسے ہی گاڑی مذکورہ مقام سے گزری، زمین نیچے سے کھسکی اور پوری کار گڑھے میں چلی گئی۔ حیرت انگیز طور پر یہ منظر پیچھے آنے والی گاڑی کے ڈیش بورڈ کیمرے میں ریکارڈ ہو گیا، جو بعد میں سوشل میڈیا پر گردش کرتا رہا۔
گاڑی کی ڈرائیور، ایک خاتون، خوش قسمتی سے شدید زخمی ہونے سے بچ گئیں۔ قریب ہی کام کرنے والے مزدور فوری مدد کو پہنچے اور خاتون کو گڑھے سے بحفاظت باہر نکال لیا۔ صرف معمولی خراشیں آئیں اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
واقعے کے بعد انتظامیہ نے فوری طور پر گاڑی کو نکالنے اور سڑک کی مرمت کا کام شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثے سے ایک دن قبل علاقے میں زیرِ زمین پانی کی پائپ لائن پھٹنے کی شکایت موصول ہوئی تھی، جس سے شبہ ہے کہ زمین نیچے سے نرم ہو چکی تھی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے وہاں زیر زمین نمی اور خستہ حال سڑک کے آثار واضح تھے، مگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی پیشگی اقدام نہیں کیا گیا۔
واقعہ نے ایک بار پھر شہری منصوبہ بندی اور زیر زمین انفرااسٹرکچر کی نگرانی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں تعمیراتی کام ساتھ ساتھ جاری ہو۔