کوہاٹ میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر گن شپ ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ سے 15 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔
کوہاٹ ڈویژن میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر گن شپ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے شیلنگ کی گئی جس میں 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، آپریشن کے دوران کئی ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے ہیں۔
ریجنل پولیس آفیسر عباس مجید نے کہا ہے کہ ہنگو، اورکزئی اور لوئر کرم کے سرحدی علاقوں میں آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران چھپری، کنڈا، شناوڑی، زرگری اور نریاب کے پہاڑی علاقوں میں بڑی کارروائیاں کی گئی ہیں۔
آر پی او کا کہنا ہے کہ کارروائیوں میں متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گن شپ ہیلی کاپٹروں سے دہشت گردوں کو پہاڑوں کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا گیا، 200 سے زائد آرمی و پولیس اہلکار گرینڈ آپریشن میں شریک ہیں۔
عباس مجید مروت کا مزید کہنا تھا کہ نو گو ایریا کوہ میدان میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا، اس حوالے سے حکام نے علاقہ کلیئر کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے اور کوہ میدان دہشت گردوں سے خالی کرا لیا گیا۔