حکومت سندھ نے شہر بھر میں غیر قانونی اور غیر منظور شدہ عمارتوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل شہمیر بھٹو نے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ ایسے تمام بلڈرز اور مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں جو غیر قانونی تعمیرات میں ملوث پائے جائیں۔
ڈی جی ایس بی سی اے کی جانب سے جاری کردہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پینل کوڈ 1860 اور سندھ بلڈنگز رولز سیکشن 19 آرڈیننس 1979 کے تحت ایف آئی آرز درج کی جائیں۔ متعلقہ پولیس تھانوں سے فوری رابطہ کر کے مقدمات کا اندراج شروع کیا جائے۔
شہمیر بھٹو نے ہدایت دی کہ ایف آئی آر درج کرواتے وقت تمام ضروری شواہد جیسے نقشے، نوٹسز، سروے رپورٹس اور دیگر دستاویزات شامل کی جائیں اور ہر غیر قانونی تعمیر کی فوری اطلاع پولیس کو دی جائے اور سات روز کے اندر مقدمات کا سلسلہ شروع کیا جائے۔