17 منٹ تک مردہ رہنے والی خاتون نے خود کو کس حال میں دیکھا؟ دوبارہ زندہ ہو کر چونکا دینے والا انکشاف کردیا

image

"مجھے لگا تھا کہ میں کبھی دوبارہ کھیل نہیں پاؤں گی، لیکن آج میں ماں بھی ہوں اور کھلاڑی بھی... یہ میری زندگی کا دوسرا موقع ہے، ایک ایسا تحفہ جس کی کوئی قیمت نہیں" وکٹوریا تھامس

ایک لمحہ، ایک جھٹکا، اور سب کچھ تاریکی میں ڈوب گیا۔ لیکن پھر ایک نئی روشنی نے جنم لیا۔ برطانیہ کی 35 سالہ وکٹوریا تھامس کی زندگی نے ایک ایسا موڑ لیا جو زندگی اور موت کے بیچ لکھی جانے والی ایک انوکھی داستان بن گیا۔ جم میں معمول کی ورزش کے دوران اچانک بے ہوش ہو کر گرنے والی اس خاتون کا دل 17 منٹ تک بند رہا جس کے بعد ان کی نبض چلنے لگی

فروری 2021 میں، وکٹوریا مقامی جم میں بوٹ کیمپ کلاس کے دوران اچانک زمین پر گر گئیں۔ ان کا دل بند ہو چکا تھا۔ طبی عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا، CPR دی گئی، اور طویل کوششوں کے بعد ان کی نبض بحال ہوئی۔ 17 منٹ کا وہ وقفہ، جس میں وہ زندگی کے دائرے سے باہر جا چکی تھیں، ان کی یاد میں ایک سیاہ خلا کی طرح محفوظ ہے۔

وکٹوریا بتاتی ہیں کہ اس دوران کچھ بھی محسوس نہ ہوا، نہ کوئی خواب، نہ کوئی روشنی، نہ سکون، نہ ہی کوئی روحانی کیفیت۔ صرف ایک سیاہی تھی، جیسے سب کچھ ختم ہو چکا ہو۔ البتہ انہوں نے خود کو جم کے فرش پر گرا دیکھا، جیسے وہ چھت کے قریب تیر رہی ہوں اور نیچے پڑے اپنے جسم کو بے جان حالت میں دیکھ رہی ہوں، ان کو لگا کہ ان کی ٹانگیں بہت موٹی ہوگئی ہیں۔ ہوش میں آنے کے بعد جب انہوں نے اپنی تصویریں دیکھیں تو معلوم ہوا کہ اُن کا مشاہدہ درست تھا۔ ان کی ٹانگیں واقعی سوجی ہوئی تھیں، جو اس لمحے کو محض تصوراتی نہیں بلکہ حقیقی تجربہ بناتا ہے۔

زندگی نے جیسے واپس پلٹنے کا فیصلہ کر لیا۔ کچھ مہینوں بعد جب دل کے لیے پیس میکر لگایا جا چکا تھا، تب انہیں پتا چلا کہ وہ حاملہ ہیں۔ خوشی کے اس لمحے کے ساتھ پریشانی بھی بڑھ گئی، کیونکہ دل کی حالت بگڑنے لگی۔ 24 ہفتے پر ڈاکٹروں نے بچے کی پیدائش کا مشورہ دیا، لیکن وکٹوریا نے وقت مانگا۔ آخرکار 30ویں ہفتے پر ان کا بیٹا "ٹومی" پیدا ہوا۔ ایک ایسا بچہ جس کی آمد خود زندگی کی گواہی تھی۔

کچھ ہی مہینوں بعد وکٹوریا کو شدید سانس چڑھنے لگی۔ اپریل 2022 میں معائنے سے پتا چلا کہ ان کے دل کی کارکردگی 11 فیصد رہ گئی ہے۔ ڈاکٹرز نے کہہ دیا کہ وہ صرف چند مہینے زندہ رہ سکتی ہیں۔ ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی فوری ضرورت تھی، لیکن دو بار دل ملنے کے باوجود مطابقت نہ ہونے پر امیدیں ماند پڑنے لگیں۔

پھر اپریل 2023 میں ایک موزوں دل مل گیا، اور برمنگھم کے کوئن الزبتھ اسپتال میں ہونے والی سرجری نے انہیں دوسری زندگی دی۔ لیکن وکٹوریا نے صرف زندہ رہنے پر اکتفا نہیں کیا، وہ اب کھیلوں کے میدان میں واپس آ چکی ہیں۔

آج وہ نیٹ بال، والی بال اور باسکٹ بال کی کھلاڑی ہیں۔ وہ برطانوی ٹرانسپلانٹ گیمز میں حصہ لے رہی ہیں، اور جرمنی میں ہونے والے ورلڈ ٹرانسپلانٹ گیمز میں برطانیہ کی نمائندگی کرنے والی ہیں۔ وکٹوریا تھامس کی کہانی صرف ایک جسمانی بحالی کی نہیں، بلکہ حوصلے، ماں بننے کے جذبے، اور ہار نہ ماننے والے دل کی سچی تصویر ہے۔ وہ موت کے دروازے سے واپس پلٹیں، اور آج زندگی کے ہر لمحے کو نئی روشنی سے جینے کا ہنر سیکھ چکی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow