بنگلادیش میں جبری گمشدگیاں : عدالت کا 15 اعلیٰ فوجی افسران کو جیل بھیجنے کا حکم

image

بنگلادیش میں حسینہ واجد حکومت کے دوران جبری گمشدگیوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے کیس میں عدالت نے 15 اعلیٰ فوجی افسران کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ان افسران پر خفیہ حراستی مراکز قائم کرنے، شہریوں کو قتل کرنے اور انسانیت سوز مظالم ڈھانے کے الزامات عائد ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ تمام افسران فوجی انٹیلی جنس اور ریپڈ ایکشن بٹالین سے وابستہ رہے ہیں۔

عدالت میں آج سماعت کے دوران ملزمان نے ضمانت کی درخواست دی تھی تاہم عدالت نے اسے مسترد کرتے ہوئے تمام افسران کو فوری طور پر حراست میں لے کر جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ بنگلادیش میں جبری گمشدگیوں کے مقدمے میں سینئر فوجی افسران بشمول 5 جنرلز پر باضابطہ الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 2024 کے حکومت مخالف مظاہروں کے دوران بنگلادیش میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ پرتشدد واقعات کے بعد وزیراعظم شیخ حسینہ واجد ملک چھوڑ کر بھارت منتقل ہو گئی تھیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US