مونس علوی کو ہٹانے کا فیصلہ معطل، سندھ ہائیکورٹ کی صوبائی محستب سے جواب طلبی

image

سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کے صوبائی محتسب کے فیصلے کو معطل کر دیا ہے۔ عدالت نے یہ حکم مونس علوی کی جانب سے دائر درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد دیا۔

مونس علوی نے خاتون کو ہراساں کرنے کے مقدمے میں صوبائی محتسب کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ وہ اپنے وکیل بیرسٹر عابد زبیری کے ہمراہ سندھ ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ صوبائی محتسب کے پاس یہ اختیار کہاں سے آیا؟

وکیل عابد زبیری نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ میں وفاقی قانون لاگو ہوتا ہے لیکن صوبائی سطح پر الگ محتسب بنا دیا گیا ہے حالانکہ کے الیکٹرک ایک بین الصوبائی کمپنی ہے جو لسبیلہ، حب اور وندر جیسے علاقوں کو بھی بجلی فراہم کرتی ہے لہٰذا اس معاملے کی سماعت وفاقی محتسب کے دائرہ اختیار میں آتی ہے اور صوبائی محتسب کی جانب سے سنائی گئی سزا غیر قانونی ہے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد صوبائی محتسب کا مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ معطل کر دیا۔ ساتھ ہی عدالت نے صوبائی محتسب اور شکایت کنندہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔

سماعت کے دوران مونس علوی نے محتسب کی جانب سے عائد کردہ 25 لاکھ روپے جرمانے کی رقم بھی ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع کروا دی۔

واضح رہے کہ مونس علوی کے خلاف کے الیکٹرک کی سابق چیف مارکیٹنگ آفیسر مہرین زہرہ نے ہراسانی کی شکایت دائر کی تھی جس پر گزشتہ روز صوبائی محتسب نے مونس علوی کو عہدے سے معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow