ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت کراچی پولیس آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں یومِ آزادی کے موقع پر سکیورٹی انتظامات، امن و امان کی صورتحال اور دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن، زونل ڈی آئی جیز ، ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے ہدایت کی کہ 14 اگست کے موقع پر شہریوں کو محفوظ، پُرامن اور سہولت بخش ماحول فراہم کرنے کے لیے فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے شہر بھر میں اسنیپ چیکنگ، کومبنگ اور سرچ آپریشنز کے تسلسل کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی، جن کی براہِ راست نگرانی سینئر افسران خود کریں گے۔پولیس چیف نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔