مومن آباد میں ذاتی دشمنی پر گولیوں کی بوچھاڑ۔۔ ایک شخص جاں بحق، ملزم گرفتار

image

کراچی کے علاقے مومن آباد میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں دو شہری گولیوں کا نشانہ بنے، جن میں سے ایک دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ پولیس کی بروقت کارروائی نے اہم پیش رفت ممکن بنائی اور مرکزی ملزم کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کے مطابق، واقعہ فرنٹیئر موڑ کے قریب پیش آیا جہاں 34 سالہ وقار علی اور 40 سالہ عدنان فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے۔ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم عدنان جانبر نہ ہو سکے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گشت پر مامور اہلکاروں نے گولیاں چلنے کی آواز سنتے ہی فوری ردعمل دیا اور ملزم طاہر ولد اقبال کو حراست میں لے لیا۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول اور گولیاں بھی برآمد کر لی گئیں۔

ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے فائرنگ ذاتی رنجش کی بنیاد پر کی۔ پولیس کی ٹیم جائے واردات پر موجود ہے اور تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کو واضح کیا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow