عمر ایوب، شبلی فراز سمیت پی ٹی آئی کے 9 اراکین نا اہل قرار

image

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر شبلی فراز اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سمیت 9 ارکان پارلیمنٹ کو نااہل قرار دیتے ہوئے ان کی نشستیں خالی قرار دے دی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق نااہلی کا فیصلہ انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد کے 9 مئی کے واقعات سے متعلق فیصلے کی روشنی میں کیا گیا جس میں ان ارکان کو قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔

نااہل قرار دیے گئے ارکان میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا، زرتاج گل، جنید افضل ساہی، محمد انصر اقبال، رائے حسن نواز، رائے حیدر علی، رائے مرتضیٰ اقبال شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ان تمام ارکان کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی 5، سینیٹ کی 1 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں کو خالی قرار دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ 31 جولائی کو انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد نے 9 مئی کے تین مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل، صاحبزادہ حامد رضا سمیت پی ٹی آئی کے 196 رہنماؤں اور کارکنوں کو 10 سال تک قید کی سزائیں سنائی تھیں۔ جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US