پاک افغان سرحد پر کلیئرنس آپریشن، 14 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک

image

بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کے دوران مزید 14 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا جس کے بعد دو روزہ کارروائیوں میں ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 47 ہو گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 8 اور 9 اگست کی درمیانی شب ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ اور گردونواح میں منصوبہ بندی کے تحت کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس سے قبل 7 اور 8 اگست کی درمیانی شب بھی پاک افغان سرحد کے قریب بڑی کارروائی کی گئی تھی جس میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش کرنے والے 33 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کیا گیا تھا۔

ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کر کے دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنائی۔ تمام کارروائیاں عوام کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئیں۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سرحدوں کے دفاع اور امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور بھارتی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گردی کے نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US