اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس : بدامنی، مائنز ایکٹ اور زمینوں کی الاٹمنٹ کے خلاف بڑا اعلان

image

کوئٹہ پریس کلب میں عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس و قومی جرگہ مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی، جن میں نیشنل پارٹی، بی این پی، جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور بلوچستان پیس فورم کے سربراہ نوابزادہ لشکری رئیسانی شامل تھے۔

شرکا نے بلوچستان میں بدامنی، مائنز اینڈ منرلز ایکٹ، زمینوں کی الاٹمنٹ اور دیگر مسائل پر تشویش کا اظہار کیا۔ کانفرنس کے اعلامیے میں دہشت گردی اور امن و امان کی ابتر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

کانفرنس نے بلوچستان اسمبلی سے منظور شدہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے اٹھارویں ترمیم کے خلاف سازش قرار دیا اور اس کے خلاف سیاسی و عدالتی سطح پر مشترکہ جدوجہد کا اعلان کیا۔ لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے لیویز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

اعلامیے میں جعلی الاٹمنٹ اور انتقالات ختم کرنے، زیارت، ہرنائی، قلات، نوشکی، برشور، توبہ کاکڑی، قلعہ سیف اللہ سمیت دیگر علاقوں میں زمینوں کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے اور تاریخی تجارتی راستوں کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

شرکا نے زرعی ٹیکس کے خاتمے، ایران سے پھل کی درآمد پر ٹیکس لگانے اور بلوچستان کی واحد زرعی یونیورسٹی کو فعال کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US