پنجاب حکومت اور ٹرانسپوٹرز کے مذاکرات کامیاب، ہڑتال ختم

image

پنجاب حکومت اور ٹرانسپوٹرز کے درمیان جاری کشیدگی مذاکرات کے بعد ختم ہوگئی ہے۔ ٹرانسپوٹرز نے اعلان کیا ہے کہ وہ صوبے بھر میں جاری ہڑتال ختم کر رہے ہیں، جس کے بعد ٹرانسپورٹ کی سہولتیں معمول کے مطابق بحال ہو جائیں گی۔

وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی قیادت میں پنجاب حکومت کے وفد نے ٹرانسپوٹرز کے نمائندوں سے مذاکرات کیے۔ مذاکرات میں ٹرانسپوٹرز نے پنجاب وہیکل آرڈیننس 2025ء کے نفاذ کے حوالے سے تحفظات اور اپنے مطالبات پیش کیے۔ حکومت نے ٹرانسپوٹرز کے مطالبات پر غور کرتے ہوئے اس آرڈیننس پر عملدرآمد روکنے کا فیصلہ کیا۔

ٹرانسپوٹرز نے حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ فوری طور پر ہڑتال ختم کر رہے ہیں اور ٹرانسپورٹ کے معمولات کو بحال کر دیں گے۔

پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ ٹرانسپورٹ کا نظام بلا تعطل کام کرتا رہے۔ اس کامیاب مذاکرات کے بعد صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ کی روانی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

یہ فیصلہ شہریوں اور مسافروں کے لیے ایک بڑی راحت ثابت ہوگا، کیونکہ گزشتہ دنوں ٹرانسپوٹرز کی ہڑتال کے باعث مختلف شہروں میں آمد و رفت متاثر ہو رہی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US