اسلام آباد: گرین لائن ایکسپریس میں صفائی ستھرائی کی مخدوش صورتحال پر ایک بار پھر اس وقت سوالات اٹھ گئے، جب مارگلہ اسٹیشن سے کراچی جانے والی ٹرین میں کھٹملوں کی بھرمار کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
مسافروں کے مطابق انہوں نے دس سے بارہ ہزار روپے تک کے مہنگے ٹکٹ خریدے، لیکن پوری رات وہ کھٹملوں کے ساتھ سفر کرنے پر مجبور رہے۔ متاثرہ مسافروں نے بتایا کہ کھٹملوں کے کاٹنے سے بچے اور خواتین سو بھی نہیں سکے جبکہ کئی مسافروں نے ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ سرکاری اور نجی ٹرین مینجمنٹ ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے میں مصروف ہے، جبکہ ریلوے حکام سے متعدد بار رابطہ کرنے کے باوجود کوئی جواب نہیں دیا جا رہا۔
متاثرین نے وزیرِ ریلوے اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے، بوگیاں اسپرے کرانے اور صفائی کا نظام بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم ریلوے انتظامیہ کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آسکا۔