خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5 افراد شہید

image

خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر باجوڑ جاتے ہوئے مہمند میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 5 افراد شہید ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر پشاور سے باجوڑ جاتے ہوئے لاپتا ہوا اور ضلع مہمند پہنچ کر اس کا رابطہ منقطع ہوا۔

چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے اس حوالے سے بتایا کہ ہیلی کاپٹر پشاور سے باجوڑ جارہا تھا کہ ضلع مہمند میں اس کا رابطہ منقطع ہوگیا، خراب موسم کے سبب ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا۔ اعلیٰ حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر چینگی بانڈہ میں گرا ہے جس میں تین افراد شہید ہوئے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مہمند کے آس پاس کے علاقوں میں دھماکے کی آواز بھی سنی گئی ہے، ہیلی کاپٹر کو خراب موسم کے سبب حادثہ پیش آیا یا کوئی اور وجہ ہے صورتحال بعد میں واضح ہوگی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے بھی ہیلی کا پٹر کریش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ باجوڑ کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان لے جانے والا صوبائی حکومت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے کریش کر گیا، اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں دو پائلٹ سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوئے۔

صوبائی حکومت نے کل سوگ کا منانے کا اعلان کیا ہے، کل خیبر پختونخوا میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا، حادثے کی جگہ پر امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US