پاکستان میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ردوبدل کا اعلان کیا ہے۔
جمعے کی رات خزانہ ڈویژن کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا نوٹی فیکیشن جاری کیا گیا۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق ’ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے 84 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد یہ فی لیٹر نئی قیمت 272 روپے 99 پیسے پر فروخت ہوگا۔‘
اس سے قبل ہائی سپیڈ ڈیزل فی لیٹر 285 روپے 83 پیسے کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا۔
اسی نوٹی فیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں کوئی کمی بیشی نہیں کی گئی اور فی لیٹر 264 روپے 61 پیسے کے حساب سے اس کی فروخت جاری رہے گی۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 20 پیسے کی کمی کی گئی ہے اور اس کی نئی قیمت 162 روپے 37 پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ فی لیٹر 170 روپے 36 پیسے کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت 7 روپے 19 پیسے کم کی گئی ہے جس کے بعد یہ فی لیٹر 178 روپے 27 پیسے کا ہو گیا ہے جبکہ اس سے قبل اس کی قیمت فروخت 185 روپے 46 پیسے مقرر تھی۔
خزانہ ڈویژن کے نوٹی فیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق جمعے اور سنیچر کی درمیانی رات 12 بجے سے ہوگیا ہے اور یہ قیمتیں آئندہ 15 روز کے لیے برقرار رہیں گی۔
اوگرا کے حکام کا کہنا ہے کہ ’پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔‘