پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے سمیت فوج، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور مقامی رضاکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ این ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے۔’تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔‘بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کو امدادی سامان کی بروقت فراہمی یقینی بنانے میں مصروف عمل ہے۔پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے اداروں کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 205 ہو گئی ہے۔وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں ریسکیو و امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور امدادی سامان فوری پہنچانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
جمعے کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے ملک کے بالائی حصوں میں کلاؤڈ برسٹ، فلیش فلڈز سے ہونے والے نقصانات اور ریسکیو و ریلیف آپریشن پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے، ریسکیو و ریلیف آپریشن میں تمام تر تعاون فراہم کرنے اور تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات کی ہیں۔وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کو خیبر پختونخوا کی حکومت سے ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کے لیے رابطے مزید مربوط کرنے کی ہدایت کی ہے اور خیبر پختونخوا حکومت کو خیمے، ادویات، اشیا خورنوش اور دیگر امدادی سامان فوری پہنچانے کے احکامات دیے ہیں۔ملک بھر میں 911 ہیلپ لائن فعالوزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے ملک بھر میں 911 ہیلپ لائن فعال کر دی ہے۔
وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں ریسکیو و امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور امدادی سامان فوری پہنچانے کی ہدایات جاری کی ہیں (فوٹو: حکومتِ پاکستان)
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے مطابق یہ اقدام حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔
یہ سروس اس صورت میں بھی کام کرے گی جب کسی علاقے میں صارف کے اپنے موبائل نیٹ ورک کے ٹاورز متاثر یا غیر فعال ہوں۔یہ سروس قریبی علاقے میں کسی بھی کمپنی کے فعال ٹاور سے خودکار طریقے سے منسلک ہو جائے گی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اس نظام کے تحت متاثرہ شہری 911 پر رابطہ کر کے ہنگامی مدد حاصل کر سکیں گے۔خیبرپختونخوا میں 189 ہلاکتیں: پی ڈی ایم اےبارشوں اور فلیش فلڈ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ خیبر پختونخوا ہے جہاں محکمہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 189 ہلاک، جبکہ 21 زخمی ہوئے ہیں۔خیبر پختونخوا میں ہلاک ہونے والے افراد میں 163 مرد، 19 خواتین اور 17 بچے شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق مجموعی طور پر 45 گھر وں کو نقصان پہنچا۔
حادثات سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے۔ تیز بارشوں اور فلش فلڈ كے باعث سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع، بونیرم باجوڑ اور بٹگرام ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا علی امین گنڈاپور کو ٹیلیفون
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ ’مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت کے تمام وسائل خیبر پختونخوا حکومت اور عوام کی مدد کے لیے تیار ہیں، اہلِ پنجاب اپنے خیبر پختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے غم میں شریک ہیں۔‘