کراچی سے خلیجی ممالک اور اندرون ملک پی آئی اے کی کئی پروازیں منسوخ

image
پاکستان سے خلیجی ممالک جانے والی پروازوں سمیت قومی ایئرلائن پی آئی اے کا کراچی آپریشن شدید متاثر ہو گیا ہے۔

 کراچی میں بارش اور خراب موسم کے باعث کئی اہم پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’کراچی سے جدہ جانے والی پرواز پی کے 731 اور کراچی سے مدینہ منورہ روانہ ہونے والی پرواز پی کے 843 تاخیر کا شکار ہیں جبکہ کراچی نجف کراچی پرواز پی کے 109/110 بھی مسافروں کے بروقت نہ پہنچنے کے سبب مقررہ وقت پر روانہ نہ ہو سکی۔‘

انہوں نے بتایا کہ ان پروازوں کی روانگی موسم بہتر ہونے اور مسافروں کی آمد کے بعد متوقع ہے۔

اس کے علاوہ کراچی سے کوئٹہ آنے اور جانے والی پروازیں پی کے 310/311 اور کراچی سے اسلام آباد کی پروازیں پی کے 308/309 منسوخ کر دی گئی ہیں۔

لاہور سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 305 بھی لاہور ایئرپورٹ پر تاخیر کا شکار ہے اور موسم بہتر ہونے کے بعد روانہ کی جائے گی۔

کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 370 بھی تاخیر کا شکار ہوئی ہے جس کی متوقع روانگی صبح ساڑھے نو بجے بتائی گئی ہے۔

مزید برآں کل صبح کی شیڈول پروازیں پی کے 300/301 (کراچی اسلام آباد کراچی) بھی موسم کی شدت کے باعث منسوخ کردی گئی ہیں۔

پی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’پی آئی اے نے تمام مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی پروازوں کے اوقات اور روٹس کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے پی آئی اے کال سینٹر (786-786-111) سے رابطہ کریں۔‘

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق کچھ اور پروازیں بھی منسوخ اور کچھ تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ کراچی سے دو بجے سہ پہر کوئٹہ جانے والی پرواز پی کے 310 پہلے چار بجے تک تاخیر کا شکار ہوئی اور پھر مسنوخ کر دی گئی۔

کراچی سے سکھر جانے والی پی کے 536 منسوخ جبکہ دبئی سے کراچی جانے والی ایف ڈی بی 3وائے ایکس کا رخ ملتان کی جانب موڑ دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ’موسم کے باعث شیڈول میں تعطل پر ایئرلائن مسافروں سے معذرت خواہ ہے اور معمولات کو جلد از جلد بحال کرنے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔‘

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US