نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار دو روزہ سرکاری دورے پر ڈھاکا روانہ ہو گئے ہیں۔ یہ دورہ بنگلہ دیشی حکومت کی باضابطہ دعوت پر کیا جا رہا ہے اور اس دوران دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق ڈھاکا میں اسحاق ڈار کی ملاقات بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ہوگی، جبکہ وہ بنگلہ دیشی وزیرِ خارجہ امور کے ایڈوائزر محمد توحید حسین سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
دورے کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت ہوگی، جس میں معاشی تعاون، سیاسی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ خطے کی صورتحال اور اہم عالمی مسائل بھی ملاقاتوں کے ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔
یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان رابطوں کے ایک نئے مرحلے کی حیثیت رکھتا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔