ایف آئی اے کی بڑی کارروائیاں.. حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 افراد گرفتار

image

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کوئٹہ نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں محمد عمر، لعل محمد اور عبدالولی شامل ہیں، جنہیں کوئٹہ سے حراست میں لیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان سے مجموعی طور پر 17 لاکھ روپے نقدی برآمد کی گئی۔ برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے ملزمان حکام کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان حوالہ ہنڈی کے ساتھ ساتھ غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں بھی ملوث تھے۔ ان سے 4 موبائل فونز، حوالہ ہنڈی سے متعلق پیغامات، رجسٹرز اور دیگر اہم شواہد بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔

ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور مزید حقائق سامنے لانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US