لائیو: شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب، ڈیڑھ لاکھ کیوسک کا ریلہ گزرے گا: پی ڈی ایم اے

image
اہم نکات:

آئندہ 12 گھنٹوں میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوگا: پی ڈی ایم اے

وزیراعظم آج آفت زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے: چیئرمین این ڈی ایم اے

پنجاب میں سیلاب، وزیراعلیٰ مریم نواز کا متاثرہ سڑکیں اور پُل بحال کرنے کا حکم

 

دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب

پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا ہے کہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 48 ہزار کیوسک ہے۔

جمعرات کو ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ آئندہ 12 گھنٹوں میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوگا۔ شاہدرہ سے آج تقریبا ڈیڑھ لاکھ کیوسک تک پانی کا ریلہ گزرے گا۔

انہوں نے کہا کہ جسڑ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 66 ہزار کیوسک ہے۔

بلوکی ہیڈورکس کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 93 ہزار کیوسک ہے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں تین دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب آیا ہوا ہے جس کے پیش نظر کئی مقامات سے شہریوں کا انخلا کروا لیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے کے بالائی حصوں میں مون سون بارشوں کے نویں سپیل کا الرٹ جاری کیا ہے جس کے مطابق 29 اگست سے 2 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

وزیراعظم آج آفت زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے: چیئرمین این ڈی ایم اے

پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ذمہ دار ادارے این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل انعام حیدر  نے کہا ہے کہ ’وزیراعظم شہباز شریف آج جمعرات کو آفت زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔‘

انہوں نے بدھ کی شام ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ میں بتایا کہ ’آئندہ مون سون کی شدت 22 فیصد زیادہ ہو گی۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ پانچواں ملک ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’این ڈی ایم اے کا این ای او سی 10ماہ قبل پیش گوئی کر سکتا ہے۔ اس سال اپریل 65 سال کا سب گرم اپریل تھا، ہیٹ ویو نے گلیشئیر پگھلنے کے عمل کو بڑھایا۔ کچھ علاقوں میں برفانی جھیلیں پھٹی ہیں۔ گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں گلاف دیکھنے کو ملا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’مون سون 2025 میں پاکستان میں 804 افراد ہلاک اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔‘

پنجاب میں سیلاب، وزیراعلیٰ مریم نواز کا متاثرہ سڑکیں اور پُل بحال کرنے کا حکم

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو سیلاب کی آمد سے قبل بروقت انخلاء پر آمادہ کیا جائے۔

بدھ کو لاہور میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سے ویڈیولنک خطاب کے دوران مریم نواز نے سیلاب کے دوران جانی نقصانات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور پلوں کو مکمل کر کے بحال کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’سارے وسائل ریسکیو اور ریلیف کے لیے مختص کیے جائیں۔ ریسکیورز نے جان پر کھیل کر لوگوں کو بچایا۔‘

انہوں نے ریسکیورز کو 50 ہزار روپے انعام کی فراہمی یقینی بنانے  اور گھروں، لائیوسٹاک اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات تیار کا حکم بھی دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’ہر ضلعے میں ہنگامی صورت حال کے دوران انسانی وسائل کو اکٹھا کر کے استعمال کرنا ڈی سی کی ذمہ داری ہے۔ لاہور میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر بروقت انخلاء یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز سب کو فیلڈ میں ہونا چاہیے۔‘

انہوں نے ہدایت کہ ’متاثرین کے لیے ریلیف کیمپوں کا ماحول اچھا ہونا چاہیے۔ ادویات کھانا اور ٹینٹ وغیرہ بھی مہیا کیے جائیں۔ ڈینگی، ملیریا، ہیضہ اور جلدی امراض کے لیے ادویات کا بھرپور سٹاک ہونا چاہیے۔‘

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US