واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت کا دورہ منسوخ کیے جانے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بڑا جھٹکا لگ گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر نے کواڈ سمٹ میں شرکت کے لیے بھارت جاناتھا لیکن متعدد بار یقین دہانی کے باوجود انہوں نے یہ دورہ ترک کردیا ہے۔
دوسری جانب غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ میں دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ ٹرمپ کابھارت میں کواڈ سمٹ کے لیے دورے کاکوئی ارادہ نہیں۔ میڈیا رپورٹس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ مودی صدر ٹرمپ کے بار بار اس دعوے سے برہم تھے کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ کو حل کیا ہے۔
وزیراعظم مودی نے کہا تھا کہ امریکا کا بھارت، پاکستان جنگ بندی میں کوئی کردار نہیں اور یہ معاملہ دونوں ممالک نے براہِ راست طے کیا ہے۔
غیر ملکی ایجنسی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ حالیہ مہینوں میں بھارت کی جانب سے متنازع بیان بازی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس دورہ بھارت کے منصوبے ختم کردیے ہیں، فیصلہ حالیہ دنوں میں بھارت اور امریکا کے تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔