چینی صدر کی شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز

image

چین کے صدر شی جن پنگ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت ایک ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔ چینی صدر نے یہ اعلان چین کے شہر تیانجن میں جاری ایس سی او کے 25ویں سربراہان مملکت کونسل اجلاس سے خطاب کے دوران کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان، ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت 20 ممالک کے سربراہان نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں صدر شی جن پنگ نے کہا کہ ایس سی او باہمی اعتماد اور اصولوں کے تحت آگے بڑھ رہی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ ایک تناور درخت کی طرح مستحکم ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رکن ممالک کے درمیان تجارت، معیشت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔

انہوں نےمزید کہا کہ رکن ممالک کو تجارت اور معیشت میں دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا اور ترقیاتی اہداف حاصل کرنے کے لیے فوری فیصلہ سازی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر ضروری ہے۔

چینی صدر نےاس بات پر زور دیا کہ خوشحال مستقبل کے لیے تجارتی اور مواصلاتی رابطے کو مزید فروغ دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین رکن ممالک کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایس سی او ممالک کے درمیان بارڈر ٹریڈنگ کے پرانے تجارتی نظام کو فروغ دینے کی کوشش کریں گے اور دنیا بھر میں کثیر الجہتی تجارتی و سماجی ڈھانچے کو برابری کی بنیاد پر فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ تمام ممالک یکساں طور پر فائدہ اٹھا سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US