ایس سی او اجلاس : جعفر ایکسپریس، خضدار حملوں اور پہلگام واقعے کی مذمت، اعلامیہ جاری

image

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں جعفر ایکسپریس، خضدار حملوں اور پہلگام واقعے کی سخت مذمت کی گئی اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے مؤقف کی بھرپور تائید کی گئی۔

چین کے شہر تیانجن میں ہونے والے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ دہشت گردی کی تمام اقسام قابل مذمت ہیں اور اس حوالے سے کسی بھی دہرے معیار کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ اعلامیے میں جعفر ایکسپریس اور خضدار میں بچوں کی اسکول بس پر حملے کی شدید مذمت کی گئی اور دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائی پر زور دیا گیا۔

مشترکہ اعلامیے میں جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے کی حمایت اور پرامن ایٹمی توانائی تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ علاوہ ازیں کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں کے کنونشنز پر مکمل عملدرآمد کی بھی حمایت کی گئی۔

تنظیم کے رکن ممالک نے عالمی تجارتی نظام کو مضبوط بنانے، یکطرفہ اقتصادی پابندیوں کی مخالفت اور ڈیجیٹل اکانومی و ای کامرس کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں ایس سی او ڈیولپمنٹ بینک کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں دہشتگردی، انتہا پسندی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے۔

اعلامیے میں فلسطین میں فوری اور پائیدار جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US